57

11 ماہ کی بچی سے زیادتی کے مجرم کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل

لاہور ہائیکورٹ نے  11 ماہ کی بچی سے زیادتی کے مجرم کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے مجرم کی اپیل پر تحریری فیصلہ جاری کیا جس کے مطابق عدالت نے ٹرائل کورٹ کا 3 لاکھ روپے جرمانے کا فیصلہ بحال رکھا۔

عدالت نے ریماکس دیے کہ یہ حقیقت ہے کہ ملزم نے شیر خوار بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا، والدین کسی پر جھوٹا الزام لگانے کیلئے بیٹی کی عزت اور مستقبل داؤ پر نہیں لگا سکتے۔

عدالت نے اپنے ریماکس میں مزید کہا کہ پراسکیوشن نے بغیر کسی شک کے اپنا کیس ثابت کیا، اپیل کنندہ کو سزائے موت کی سزا دینا کافی سخت ہوگا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہےکہ منفی ڈی این اے رپورٹ اور جرم کے وقت مجرم کی عمرکے سبب سزا میں تخفیف ہوسکتی ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ اس کیس میں سزا میں تخفیف کرنے والے حالات موجود ہیں،قانون کے بنیادی اصولوں کے مطابق سزا سناتے وقت شک کا فائدہ ملزم کو دیا جاتا ہے اس لیے ملزم کی موت کی سزا کو ختم کرکے اسے عمر قید میں تبدیل کرنے کا حکم دیا جاتا ہے۔

واضح رہےکہ مجرم محمد رفیق کے خلاف تھانہ صدر قصور میں 2019 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔