495

پشاور میں پولیو مہم کے دوران پولیو ورکر کی بہن اغواء

پشاور۔ پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر شیخان میں پولیو مہم کے دوران خاتون پولیو ورکر کے ہمراہ جانے والی جوانسالہ بہن کو نامعلوم افراد نے اغواء کرلیا اہل خانہ نے 13 گھنٹے بعد لڑکی کو نیم بے ہوشی کی حالت میں قبرستان سے برآمد کرلیا۔

لڑکی کی اغوائیگی اور نیم بے ہوشی کی حالت میں برآمدگی نے کئی شکوک و شبہات پیدا کردیئے جبکہ پولیس بھی اس مشکوک معاملے پر چکرا کر رہ گئی ، تاہم پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے تھانہ بڈھ بیر پولیس کے مطابق 18 سالہ مسماۃ عظمیٰ دختر عطاء اللہ (مرحوم) ساکن شیخان نے بیان دیتے ہوئے بتایا کہ جمعہ کے روز میں اپنی بہن مسماۃ شبانہ جو کہ لیڈی پولیو ورکر ہے کے ہمراہ مہم کے بعد مارکنگ کیلئے علاقہ شیخان گئی تھی تقریباً 11 بجے میری بہن ولی جان آفریدی نامی شخص کے گھر میں اندر چلی گئی جبکہ میں باہر دروازے کے ساتھ کھڑی تھی۔

اس دوران نامعلوم ملزم یا ملزمان نے پیچھے کی جانب سے میرے منہ پر ہاتھ رکھ کر بے ہوش کردیا تاہم بعد میں جب ہوش آیا تو خود کو رات کے اندھیرے میں شیخان کے قبرستان میں پایااور اس دوران میرا بھائی خلیل اللہ بھی مجھے تلاش کرتے ہوئے وہاں آپہنچا جو مجھے گھر لے گیاپولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔