19

کراچی: ڈھائی من سے زائد چرس پکڑی گئی، ملزم گرفتار

  کراچی: انسداد منشیات (اینٹی نارکوٹکس) فورس (اے این ایف) نے شہر قائد کے علاقے ملیر میں کارروائی کے دوران ڈھائی من سے زائد چرس برآمد کر کے 30 بور کا اسلحہ قبضے میں لے لیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق منشیات اسمگلنگ کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، ملک بھر میں 5 کاروائیوں کے دوران 183 کلو گرام سے زائد منشیات برآمد کرکے 8 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ملیر کے قریب گاڑی سے 100 کلو 800 گرام چرس اور 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن برآمد کرلیا گیا، دورانِ کاروائی کراچی کا رہائشی مُلزم موقع پر گرفتار کیا گیا جبکہ کوئٹہ میں سونا خان چوک کے قریب جیپ سے 11 کلو گرام چرس قبضے میں لی گئی اور مستونگ کے رہائشی ملزم کو منشیات کو ئٹہ اسمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار کرلیا گیا۔


اسلام آباد میں موٹر وے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 26کلو 400 گرام افیون اور 12کلو آئس برآمد کی اور کارروائی کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کیا جن کا تعلق مردان اور کشمیر سے ہے۔

علاوہ ازیں اے این ایف نے مدینہ چوک اٹک کے قریب رکشہ سے 27 کلو 600 گرام چرس تحویل میں لی ،جس کے دوران اٹک کا رہائشی مُلزم گرفتار ہوا جو منشیات رکشے کے خفیہ خانوں میں چھپا کر اسمگل کر رہا تھا۔

اے این ایف کی پنجاب رینجرز کے ساتھ باڈیاں چیک پوسٹ لاہور کے قریب مشترکہ کارروائی کے دوران دو گاڑیوں میں سوار لاہور اور خانیوال کے رہائشی 3 ملزمان کو گرفتارکرلیا، ملزمان کے قبضے سے 6 کلوگرام ہیروئن اور ایک عدد ہوائی ڈرون برآمد ہوا۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مذید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔