راولپنڈی : بھارتی فوج نے ایل او سی کے ستوال سیکٹر پر چرواہوں پر بلااشتعال فائرنگ کی ، جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایل او سی کے ستوال سیکٹر پر بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی فوج نےچرواہوں پرفائرنگ کھول دی، بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے ایک شہری شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارت سے شدید احتجاج کیا ، پاکستان کشمیریوں کے جان کے تحفظ کا موثر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتاہے، کشمیری اپنے علاقے میں کھیتی باڑی اور نقل وحرکت کاحق محفوظ رکھتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بھارتی افواج من گھڑت الزامات پرمعصوم شہریوں کونشانہ بنارہی ہے اور اپنے جھوٹے بیانیے کی تقویت کیلئےایسی حرکتیں کررہی ہے۔
یاد رہے آخری بار فروری 2021 میں بھارتی اشتعال انگیزی سے بے گناہ شہری شہید ہوئے تھے ، جس کے بعد دونوں ممالک کے ڈی جیز،ملٹری آپریشنز کے درمیان رابطے کے بعد کئی ماہ سیز فائرمعاہدے پرعمل جاری رہا۔
خیال رہے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی امریکا میں موجود ہے ، گذشتہ روز امریکی صدر جوبائیڈن اور نریندر مودی کا مشترکہ بیان سامنے آیا تھا۔
جس میں جوبائیڈن اور نریندر مودی نے مطالبہ کیا تھا کہ پاکستان بھارت کو نشانہ بنانے والی دہشت گرد تنظیموں کیخلاف کارروائی کرے۔