464

پشاور میں افغان منشیات فروش گروہ گرفتار

پشاور۔پشاور کینٹ سرکل پولیس نے 11 افغان باشندوں سمیت13ارکان پر مشتمل منشیات فروش گینگ کو گرفتار کرلیا ہے افغان باشندوں نے پاکستانی شناختی کارڈز بھی بنا رکھے تھے جن کے قبضہ سے کروڑوں روپے مالیت کی آئس، ہیروئن، چرس اور دیگر نشہ آور گولیاں برآمد کرلی گئی ہیں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے جن سے اہم انکشافات متوقع ہے۔

اس ضمن میں گزشتہ روز سی سی پی او پشاور محمد طاہر خان نے ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد نثار خان ٗ ایس پی کینٹ وسیم ریاض اور اے ایس پی حیات آباد وقار کھرل کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک کر نے اور نو جوان نسل کو تبا ہی سے بچا نے کیلئے خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا ہے جس کی روشنی میں کینٹ ڈویژن پولیس نے منشیات کے بڑے ڈیلرو ں کیخلاف کارخانو چیک پوسٹ پر موٹر کار نمبر ایل ای اے4366کے خفیہ خانوں سے 4کلو گرام ہیروئن ، 12 کلو گرام چرس اور3عدد نشہ آور گولیاں برآمد کرکے ملزمان سید بہار ولد گل بہار،رسول خان ولد حسین خان ساکنان افغانستان حال ریگی للمہ کو گرفتار کر لیا جبکہ جمرود ناکہ بندی پر موٹر کار نمبر آر آئی471کے خفیہ خانو سے 5کلو گرام ہیروئن،3955 عدد نشہ آور گولیاں اور11کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزمان نقیب ولد صفدر خان ساکن فیز1 گلی نمبر13 ،عمران ولد سیفور خان ،دلاور ولد معصوم خان،نذر محمد ولد شاہ زمان ساکنان افغانستان حال ریگی للمہ کوگرفتار کر لیا۔

سی سی پی او نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر زرین ولد میاں بادشاہ ساکن غنڈی جمرود کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے 739گرام میتھ فیٹا مین ، پشتہ خرہ کے علاقہ سے عبدالرشید ولد آسمانی گل ساکن باڑہ قمبر خیل کو گرفتار کر کے2 کلو ہیروئن ،255 گرام میتھا فیٹا مین برآمد کرلی، اسی طرح تھانہ تاتارا کی حدود میں گاڑی نمبر بی سی 2224 کے خفیہ خانو سے 6 کلو گرام چرس اور 300 گرام آئس برآمد کرکے ملزم عبد الرقیب ولد مصاحب خان ساکن وزیر ڈھنڈ، محمد صادق ولد سید بادشاہ ساکن افغانستان حال کارخانو اور اورنگزیب ولد فہیم اللہ ساکن ریگی للمہ کو گرفتار کرلیا جبکہ میر افضل عرف میر و ولد رحیم شاہ ساکن ریگی للمہ اور خواس ولد حاجی حسین ساکن افغانستان حال کارخانو کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 3 ہزار 339 گرام میتھا فیٹا مین برآمد کرلیا، سی سی پی او کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے جن سے اہم انکشافات متوقع ہے۔