72

راولپنڈی میں جعلی پولیس اہلکار نے بیرون ملک سے آئے شہری کو لوٹ لیا

راولپنڈی: راولپنڈی میں خود کو پولیس و سرکاری اداروں کے اہلکار ظاہر کرکے لٹیروں نے ائیرپورٹ سے گھر جاتے شہری سے ملکی و غیر ملکی کرنسی ،موبائل فون و سفری دستاویزات پار کرلیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی میں خود کو پولیس و سرکاری اداروں کے اہلکار ظاہر کرکے بیرون ممالک سے آنے والے شہریوں کو چیکنگ کے بہانے لوٹے جانے کا سلسلہ تھم نہ سکا، حالیہ واقعہ تھانہ ریس کورس کی حدود میں پیش آیا۔

ملزمان نے واردات دوران ائیرپورٹ سے گھر جاتے شہری سے ملکی و غیر ملکی کرنسی ،موبائل فون و سفری دستاویزات پار کرلیں گیں ٹیکسی ڈرائیور نے مہارت سے ملزنان کی ویڈیو بنا لی ویڈیو میں ملزمان کو فرار ہوتے اور متاثرہ شہری کو اپنی جمع پونجی بچانے کے لیے تیزی سے حرکت میں آتی گاڑی سے لٹک کر اسکو روکنے کی کوشش کرتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

پولیس کے مطابق عثمان حنیف نے بتایا کہ بیرون ملک ملازمت کرتا ہوں چھٹی پر واپس پاکستان آیا تو گھر جانے کیلئے ائیرپورٹ سے ٹیکسی لی۔

انہوں نے بتایا کہ قاسم مارکیٹ مال روڈ کے قریب پہنچا تو عقب سے ایک گاڑی جس میں دو افراد سوار تھے نے اپنی گاڑی ہماری گاڑی کے آگے لگا کر روک لی اور کہا بیرون ملک سےآئے ہو، میں نے ہامی بھری تو انہوں نے کہا پاسپورٹ چیک کراو۔

عثمان حنیف نے پولیس کو دئیے گئے بیان میں کہا کہ جب پاسپورٹ دیکھانے کے لیے گاڑی کے پاس گیا تو سوار شخص نے کہا کہ تمھیں کسی نے میموری کارڈ یا سم دی ہے تلاشی بھی دو۔

متاثرہ شخص نے بتایا کہ اس دوران ملزمان میرا پرس جس میں پونے دو لاکھ روپے کی ملکی و غیرملکی کرنسی تھی سمیت پاسپورٹ اور موبائل فون لیکر صدر کی جانب فرار ہوگئے۔

اس دوران ٹیکسی ڈرائیور نے ویڈیو بنا لی جسے ایکسپریس نے حاصل کرلیا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیسے ہی ملزمان گاڑی میں فرار ہوتے ہیں تو احساس ہوتے ہی متاثرہ شخص جان کی پرواہ کیے بغیر تیزی سے حرکت میں آتی گاڑی کو روکنے کی کوشش کرتا ہے اور کافی دور تک اس کے ساتھ لٹک کر بھاگتا گیا۔

متاثرہ شخص کی شکایت پر تھانہ ریس کورس پولیس نے ملزنان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تاہم ملزمان کو گرفتار نہیں کرسکی ہے۔

ایس ایچ او ریس کورس طارق گوندل کا کہنا تھا کہ مقدمہ درج کرلیاگیا ہے ویڈیو فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش بھی جاری یے جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔