55

سندھ پولیس نے مقابلے کے بعد 5 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا

کراچی: عزیز بھٹی پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد 5 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ ، موبائل فونز ، نقدی اور موٹرسائیکلیں برآمد کر لیں ، گرفتار ملزمان کے 3 ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق عزیز بھٹی پولیس نے گلشن اقبال یونیورسٹی روڈ بلاک 13/اے سے مبینہ مقابلے کے بعد 3 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ملزمان کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ، زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کی شناخت 25 سالہ اسد ولد منور ، 26 سالہ آصف ولد عبد الرحیم اور 28 سالہ بابر ولد مراد بخش کے نام سے کی گئی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان سے 3 ٹی ٹی پستول ، موبائل فونز ، نقدی اور 2 موٹرسائیکلیں برآمد کی گئی، گرفتار ملزمان کا ایک ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان چوری ، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں، گرفتار ملزمان سے علاج و معالجے کے بعد مزید تفتیش کا آغاز کیا جائے گا ۔

دوسری جانب موچکو پولیس نے ناردرن بائی پاس لکی چڑھائے بائیکو پیٹرول پمپ کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کی شناخت 30 سالہ سکندر ولد وحید بخش اور 25 سالہ دانش ولد قادر بخش کے نام سے کی گئی۔

ملزمان سے ایک ٹی ٹی پستول بمعہ ایمونیشن ، نقدی ، موبائل فون اور 2 موٹرسائیکلیں برآمد کی گئیں ، گرفتار ملزمان کے دو ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ آٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائم سمیت جرائم کی دیگر وارداتوں میں ملوث رہے ہیں ۔