کراچی: گلستان جوہر میں ڈاکوؤں نے واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو ہلاک کر دیا اور لوٹ مار کرکے فرار ہو گئے۔
مسلح ملزمان بیکری میں ڈکیتی کے دوران 50 ہزار روپے سے زائد کی نقدی ، موبائل فونز اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے ۔ مقتول فزیوتھراپسٹ اور 2 بچوں کا باپ تھا۔ واردات کے سی سی ٹی وی فوٹیج ایکسپریس نیوز نے حاصل کر لی۔ شارع فیصل تھانے کی حدود میں مزاحمت پر جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 40 سالہ کامران ولد عبد الرحمٰن کے نام سے کی گئی۔
مقتول کامران گلستان جوہر بلاک 19 کا رہائشی اور فزیوتھراپسٹ تھا ، جو واقعے کے وقت کام سے گھر جاتے ہوئے بیکری سے ناشتے کا سامان خریدنے گیا تھا کہ 2 مسلح ڈاکو داخل ہوئے اور اسلحہ کے زور پر کیشیئر اور بیکری میں موجود دیگر لوگوں سے لوٹ مار شروع کر دی۔
وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہےکہ ایک مسلح ڈاکو کامران کا بیگ کھول کر چیک کررہا ہے، تاہم موقع ملتے ہی کامران نے ڈاکو کو دبوچ لیا۔ اس دوران ہاتھا پائی ہوئی اور ڈاکو کی فائرنگ کامران کے بازو سے آر پار ہو گئی۔ موقع پر دوسرا ڈاکو پہنچا اور اس نے عقب سے فائرنگ کی، جس کی گولی کامران کی پیٹ میں لگی۔
ملزمان نے شیشے کی میز بھی کامران پر اُلٹ دی اور بیکری کے کیش کاؤنٹر سے 50 ہزار روپے سے زائد کی نقدی ، موبائل فونز اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے ۔فوٹیج میں ڈاکوؤں کے چہرے بھی واضح ہیں۔ مقتول کے بھائی اور دیگر ورثا نے پوسٹ مارٹم سے انکار کردیا۔ پولیس نے شواہد جمع کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔