نئی دہلی: بھارت میں جہیز نہ لانے پر سسرالیوں نے مبینہ طور پر بہو کو تیسری منزل سے دھکا دے کر قتل کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی دارالحکومت دہلی کے شمالی علاقے میں 21 سالہ لڑکی گھر کی تیسری منزل سے گر کر ہلاک ہوئی، جس پر لڑکی کے والدین نے سسرال والوں پر جہیز کے معاملے پر ہراساں کرنے اور تیسری منزل سے دھکا دینے کا الزام عائد کیا ہے۔
مقتولہ کے اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ لڑکی سسرال میں مردہ پائی گئی، جس پر پولیس نے تفتیش کرتے ہوئے شوہر، نند اور ساس کو گرفتار کرلیا۔ تینوں ملزمان کو لڑکی کو مبینہ طور پر جہیز کے معاملے پر ہراساں کرنے پر گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق لڑکی کی والدہ پیر کو پولیس اسٹیشن گئیں اور ڈیوٹی افسر کو متاثرہ لڑکی اور ان کی نندوں کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے متعلق آگاہ کیا۔ دریں اثنا لڑکی کے شوہر نے لڑکی کی والدہ کو اطلاع دی کہ ان کی بیٹی تیسری منزل سے گِر گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر پولیس اُشا رنگنانی کا کہنا تھا ’ہم لڑکی کی والدہ کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے اور دیکھا کہ متاثرہ لڑکی کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا۔‘
ڈی سی پی کا کہنا تھا کہ تحقیقات میں معلوم ہوا کہ متاثرہ لڑکی نے شکایت کی تھی وہ اچھا محسوس نہیں کر رہی تھیں۔ لڑکی کے والدین اور سسرالیوں کے درمیان جھگڑا ہوا۔ جب یہ واقعہ ہوا تو والدہ نے فوران پولیس اسٹیشن سے رابطہ کیا۔
تاہم،الزامات اور شواہد کی بنا پر جہیز کی وجہ سے ہونے والی اموات کی دفعہ کے تحت ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔