کراچی: بغدادی تھانے کی حدود میں فائرنگ سے ہائی کورٹ کا نائب قاصد اور نارتھ ناظم آباد میں کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ دیگر واقعات میں 2 افراد زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق بغدادی کے علاقے لیاری کھڈا مارکیٹ مدینہ مسجد روڈ تاج پشاوری ہوٹل کے قریب باربر شاپ میں فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کی شناخت 28 سالہ کاشف سندھی ولد عبدالحمید کے نام سے ہوئی، جو سینے میں گولی لگنے کے باعث جانبر نہ ہو سکا۔
پولیس کے مطابق مقتول ہائی کورٹ کا نائب قاصد اور لیاری کھڈہ مارکیٹ کے قریب کا رہائشی تھا ، جو واقعے کے وقت اپنے بال کٹوانے کے لیے حجام کی دکان پر موجود تھا۔مقتول نے اپنی پستول حجام مختار کو محفوظ طور پر رکھنے کے لیے دی ، تاہم مختار سے اتفاقی گولی چل گئی جو کاشف سندھی کے سینے میں لگی۔ پولیس نے حجام مختار کو حراست میں لے کر اسلحہ قبضے میں لے لیا۔
دریں اثنا زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی کراسنگ بھٹائی کالونی گلی نمبر 5 میں گھر میں پراسرار فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا، جس کی شناخت 75 سالہ بنارس خان ولد فضل خان کے نام سے کی گئی ۔علاوہ ازیں مومن آباد کے علاقے صدف کالونی سیکٹر 10 اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا ، جس کی شناخت 40 سالہ شاہد ولد جان محمد کے نام سے کی گئی ۔ پولیس نے واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہے ۔
دوسری جانب نارتھ ناظم آباد میں جنریٹر چلاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق شارع نورجہاں تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد بلاک آر خٹک مسجد کے قریب کرنٹ لگنے سے ہلاک نوجوان کی شناخت 20 سالہ جواد علی ولد سجاد علی کے نام سے کی گئی ۔