کراچی: بہادر آباد میں تاجر کے قتل میں ملوث ہونے کے الزام میں پولیس نے اہلیہ اور برادر نسبتی کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق 26 جولائی کی شب بہادرآباد کے علاقے میں فلیٹ کے اندر سے گلا کٹی لاش ملی تھی جس کی شناخت مقامی تاجر رضوان سوریا کے نام سے کی گئی تھی، جسے نامعلوم ملزمان نے ہاتھ پشت پر باندھ کر گردن پر تیز دھار آلے کے وار کرکے قتل کردیا تھا۔
مقدمہ درج کیے جانے کے بعد تحقیقات کے آغاز میں پولیس نے گھریلو ملازمہ کو حراست میں لیا، تاہم ٹھوس ثبوت نہ ملنے پر اسے چھوڑ دیا گیا۔ بعد ازاں تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے پولیس نے مختلف موبائل نمبروں کا ڈیٹا حاصل کیا، جس کے بعد مقتول کی اہلیہ اور برادر نسبتی پر شک ہوا۔
پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران خصوصی طور پر برادر نسبتی عمران کی کڑی نگرانی کی گئی، اور بالآخر مقتول رضوان سوریا کی اہلیہ نورین اور اُس کے بھائی عمران کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نورین اور عمران کا رضوان سوریا سے جائیداد کا تنازع تھا جب کہ انہیں رضوان کی دوسری شادی کا بھی علم ہوگیا تھا، جس کا اہلیہ نورین کو رنج تھا۔
علاوہ ازیں پولیس حکام نے مزید بتایا کہ کچھ ایسے شواہد بھی ملے ہیں جس سے پتا چلتا ہے کہ مبینہ طور پر نورین کا کسی کے ساتھ افیئر تھا، اس سلسلے میں مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔ گرفتاریوں کے بعد پولیس قتل کے مزید محرکات جاننے کے لیے تفتیش کررہی ہے۔ واضح رہے کہ مقتول رضوان کے نورین سے 4 بچے ہیں۔