128

کراچی؛ 8 بچوں کی ماں شوہر کی فائرنگ اور گلا کاٹنے سے جاں بحق

کراچی: سپرہائی وے سکندر گوٹھ کی رہائشی 8 بچوں کی ماں شوہر کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئی جب کہ ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

ملزم نے مقتولہ پر 2 ماہ قبل بھی قاتلانہ حملہ کیا تھا، جس میں وہ شدید زخمی ہوگئی تھی۔ اُس وقت سچل انویسٹی گیشن پولیس نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرنے سے گریز کیا تھا ۔ ملزم مقتولہ کا خالہ زاد اور گھر داماد تھا ۔

 

پولیس کے مطابق سچل کے علاقےمکان نمبر B-301 گلی نمبر 2 سیکٹر L/13 محلہ سکندر گوٹھ اسکیم 33 میں فائرنگ سے 8 بچوں کی ماں جاں بحق ہو گئی۔ مقتولہ کی شناخت 35 سالہ شازیہ بخاری دختر سید غلام اکبر شاہ کے نام سے کی گئی ۔  مقتولہ پر اس کے شوہر سید شاہد اقبال بخاری نے فائرنگ کی۔ مقتولہ شازیہ 8 بچوں کی ماں تھی، جس میں 6 لڑکیاں اور 2 لڑکے ہیں۔

 

مقتولہ کے ماموں زاہد نے بتایا کہ شازیہ کے والدین نے ملزم شاہد کو کاروبار کے لیے 2 سے 3 گاڑیاں خرید کر دیں تھیں، تاہم اس نے ایک ایک کر کے تمام گاڑیاں فروخت کر دیں اور اب شازیہ کا گھر فروخت کرنا چاہتا تھا، جس کے لیے وہ اکثر اس پر تشدد کرتا تھا ۔ ملزم نے 2 ماہ قبل 12 مئی کو بھی شازیہ کو تشدد کا نشانہ بنانے کے دوران اس کے گلے پر چھری پھیر کر قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔ جس کا مقدمہ سچل تھانے میں درج کر دیا گیا تھا، تاہم انویسٹی گیشن پولیس نے مبینہ طور پر ملزم سے رقم لینے کے بعد جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار نہیں کیا۔

انہوں نے بتایا کہ 12 مئی کے بعد ملزم گھر نہیں آیا تھا تاہم اکثر فون کر کے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیا کرتا تھا۔  ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب تقریباً ڈھائی بجے ملزم گرل کے راستے گھر میں داخل ہوا، پہلے اس نے اہلیہ پر تشدد کیا، پھر گولیاں مار کر زخمی کیا اور گلے پر چھری ماری۔  ملزم کے 3 سے 4 ساتھی گھر کے باہر موجود تھے۔  واردات کے بعد ملزم فرار ہوگیا ۔  شازیہ کو اسپتال لایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی۔