328

زینب کے والدین کا حکومت سے جلد انصاف کی فراہمی کا مطالبہ 

اسلام آباد۔قصور میں زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی معصوم بچی زینب کے والدین نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے خاندان کے ڈی این اے سب سے پہلے کرائے ہیں ، رانا ثناء اللہ اپنی ناکامی چھپانے کیلئے اس طرح کے بیانات دیتے ہیں ، کب تک وہ اپنی ناکامی چھپائیں گے ، ایسے بیانات پر افسوس کیا جاسکتا ہے ، ہم انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں ۔

ہمیں جلد انصاف چاہیے ، ملزم اور اس کے سہولت کاروں کو سرعام لٹکایا جائے ۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زینب کے والد نے کہا کہ میری بیٹی رات کو گم ہوئی تو اگلے دن میرے رشتہ داروں نے سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزم کو ٹریس کر لیا تھا لیکن پانچ دن تک پولیس نے کوشش نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی بنا لی گئی ہے ۔

ان کی تحقیقات پر کافی حد تک مطمئن ہوں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے خاندان کے ڈی این اے ٹیسٹ سب سے پہلے کرائے ہیں ۔ رانا ثناء اللہ نے جو بیان دیا ہے کہ ان کے گھر کا فرد ہے وہ اپنی ناکامی چھپانے کیلئے اس طرح کے بیانات دیتے ہیں ، کب تک اپنی ناکامی چھپائیں گے ، ہم انتظامیہ کے ساتھ تعاون کررہے ہیں ، ایسے بیانات پر افسوس کیا جاسکتا ہے ۔

ہمارے محلے دار بھی ملزم کو شناخت نہیں کر سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ملزم اور اس کے سہولت کاروں کو سرعام لٹکایا جائے ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زینب کی والدہ نے کہا کہ ہمیں جلد انصاف چاہیے ، ملزم کے سہولت کار بھی پکڑے جانے چاہئیں۔