223

پنجاب یونیورسٹی ‘ طلبہ گروپوں میں تصادم‘الیکٹریکل ڈیپارٹمنٹ نذر آتش

لاہور۔ پنجاب یونیورسٹی میں 2 طلبہ گروپوں میں تصادم کے دوران طلبا نے الیکٹریکل انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ میں توڑ پھوڑ کی اور آگ لگادی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں گروپوں کو منتشر کردیا، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی نے 2 طلبہ گروپوں میں تصادم کا نوٹس لے لیا ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق الیکٹریکل انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ میں ایک طلبہ گروپ کی جانب سے آج ہونے والی پائنیر فیسٹویل کی تیاریاں جاری تھیں کہ دوسرے طلبہ گروپ نے رات گئے دھاوا بول کر ڈپارٹمنٹ میں توڑ پھوڑ کی اور ایک کمرے کو آگ بھی لگادی۔

ہنگامہ آرائی کے دوران کئی گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیئے گئے۔واقع کی اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور طلبا کو منتشر کرکے حالات پر قابو پالیا۔دوسری جانب پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے 2 طلبہ گروپوں میں تصادم کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ تصادم کے نتیجے میں الیکٹریکل انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کی ریسرچ لیب کو بھی نقصان پہنچا، توڑپھوڑ میں ملوث طلبا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔