لاہور: فیروزوالا میں گاڑی پر فائرنگ سے تین سیاسی کارکن جاں بحق ہوگئے۔ لاہور کے علاقے فیروزوالا میں موٹرسائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے کار پر فائرنگ کرکے پچھلی نشست پر بیٹھے 3 افراد کو قتل کردیا۔
تینوں افراد فیروز والا کچہری میں پیشی پر آئے تھے اور کیس کی سماعت کے بعد واپس مریدکے جارہے تھے کہ رستے میں رانا ٹاؤن کے قریب ان پر فائرنگ ہوئی۔ گاڑی میں ڈرائیور اور ساتھ والی سیٹ پر بیٹھا شخص خالد معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
جاں بحق افراد کی شناخت صداقت علی صداقت، شبیر حسین سرویا اور اسد ہاشمی کے نام سے ہوئی۔ صداقت جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری جبکہ شبیر احمد سرویا اور اسد ہاشمی جماعت اسلامی کے رکن تھے۔ لواحقین نے لاشیں جی ٹی روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا اور ٹریفک بلاک کردی۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے فیروز والا میں تین کارکنوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس ہمارے کارکنوں کو تحفظ دینے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، قاتلوں نے اس سے قبل مقتول شبیر سرویا کے گھر پر حملہ کرکے انہیں شدید زخمی کردیا تھا، قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔