248

کوئٹہ میں پولیو ورکرز پر حملہ ٗ 2 خواتین جاں بحق

کوئٹہ۔ صوبائی دارالحکومت میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے انسدادِ پولیو مہم پر کام کرنے والے 2 خواتین جاں بحق ہوگئیں۔پولیس ذرائع کے مطابق کوئٹہ کے علاقے شالکوٹ میں نامعلوم مسلح افراد انسدادِ پولیو مہم پر کام کرنے والی ماں اور بیٹی پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔فائرنگ کے نتیجے میں رضاکار موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں جبکہ حملہ آور با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا جبکہ مقتولین کی لاشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس نے اس واقعے کو شہر میں جاری ٹارگٹ کلنگ سے منسوب کیا جبکہ اب تک کسی بھی گروپ کی جانب سے ان واقعات کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔یاد رہے کہ اس وقعے سے چند گھنٹوں قبل بھی کوئٹہ شہر میں ٹاگٹ کلنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔

ملک میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث جون 2014 میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے پاکستان سے بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کے لیے پولیو ویکسین کو لازمی قرار دیا تھا۔خیال رہے کہ کوئٹہ میں گزشتہ چند برسوں کے دوران انسدادِ پولیو مہم پر کام کرنے والے رضا کاروں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔واضح رہے کہ 13 جنوری 2016 کو کوئٹہ کے نواحی علاقے سیٹلائٹ ٹان میں انسدادِ پولیو سینٹر کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک جبکہ 10 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔