پشاور۔ کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے گزشتہ 15سالوں سے دہشت کی علامت ڈکیت گروہ کے سرغنہ ”کمانڈو“ کو گرفتار کرلیا جس نے کچھ عرصہ قبل تھانہ ہشتنگری کے علاقے میں 130تولے سونالوٹنے سمیت پشاور میں 35سے زائد ڈکیتیوں کی وارداتوں کا اعتراف کرلیا۔
گرفتار کمانڈو پشاور سمیت پنجاب اور متعدد شہروں کو ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہے سرغنہ کے قبضے سے لاکھوں کی نقدی اور وارداتوں میں استعمال ہونیوالا اسلحہ بھی برآمد کرلیاہے اس ضمن میں گزشتہ روز ایس ایس پی آپریشنز ظہور بابر آفریدی نے ایس پی سٹی عتیق شاہ ٗ ایس پی میڈیا کور عنایت علی شاہ اورایس ایچ او ہشتنگری اشفاق خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ 28اپریل کو سعید احمد ولد سلطان خان سکنہ سکندر پورہ کے گھر میں مسلح ڈکیت گروہ گھس کر 130 تولے سونا اور 95ہزار کی نقدی چھین کر فرار ہوئے تھے۔
جس کانوٹس لیتے ہوئے قائم خصوصی ٹیم نے مختلف زاویوں پر تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے گروہ کا سراغ لگا کر گزشتہ روز بین الصوبائی ڈکیت گروہ کے مرکزی ملزم اور سرغنہ اورنگزیب عرف کمانڈو ولد غلام جعفر سکنہ گلبہار حال ہری پور کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران پشاور سمیت راولپنڈی اور پنجاب کے دیگر شہروں میں درجنوں وارداتوں کا اعتراف کر لیا ہے جس پر تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیاگرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش میں 35سے زائد ڈکیتیوں کا اعتراف کرلیا پولیس نے ملزم کے قبضے سے لاکھوں کی نقدی اور دیگر سامان برآمد کرکے مزید تفتیش شرو ع کردی ہے۔