218

کراچی: 36 گھنٹے میں 111 موبائل فون چوری کرنے والا ملزم گرفتار

کراچی: پریڈی پولیس نے صدر میں موبائل مارکیٹ سے 30 لاکھ روپے سے زائد کے 111 موبائل فون چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کردیا۔

اس حوالے سے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) جنوبی شیراز نذیر کا کہنا تھا کہ ’ 27 جولائی کی شب کو چوری کی یہ واردات اما ٹاور شاپنگ مال میں ہوئی جہاں ایک موبائل کی دکان سے 35 لاکھ روپے مالیت کے 111 موبائلز چوری کرلیے گئے‘۔

انہوں نے بتایا کہ پریڈی پولیس نے واقعے کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) نمبر 2019/717 درج کی جس کے بعد ’سخت کوششوں اور سی سی ٹی وی ریکارڈ کے جائزے کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا اور اب تک 80 موبائلز برآمد کرلیے گئے‘۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ عینی شاہین اور ٹیکنالوجی کی مدد سے پولیس نے ملزم کو گرفتار کیا، جس کی شناخت یاسر کے نام سے ہوئی اور وہ صدر کے علاقے کا ہی رہائشی ہے۔

شیراز نذیر نے بتایا کہ تقریباً 6 ماہ قبل اسی مارکیٹ سے 40 لاکھ روپے مالیت کے کچھ مہنگے موبائل چوری کیے گئے تھے اور تفتیش کار اس بات کو بھی دیکھ رہے ہیں کہ آیا یہی ملزم اس میں ملوث تھا یا نہیں۔

ایس ایس پی جنوبی کا کہنا تھا کہ ملزم عمارت کے داخلی راستوں سے ’باخوبی‘ واقف تھا اور وہاں مال میں کام کرنے والے کچھ لوگوں نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو اس وقت پہچان بھی لیا جب وہ عمارت میں داخل ہوا تھا۔

موبائل مارکیٹ کے دروازے پر 4 گارڈز موجود تھے تاہم انہوں نے ملزم کی نقل و حرکت کو محسوس نہیں کیا اور ابتدائی تفتیش میں پولیس نے چوری کی واردات میں کسی گارڈ کے ملوث ہونے کے امکان کو مسترد کردیا۔

دوسری جانب ایس پی صدر امجد حیات کا کہنا تھا کہ ملزم مارکیٹ میں 36 گھنٹے تک رہا، وہ ہفتے کی رات کو مارکیٹ میں داخل ہوا اور پیر کی صبح تک وہاں موجود رہا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم 36 گھنٹے وہاں رہنے کے لیے اپنے ساتھ کھانے پینے کی اشیا بھی ساتھ لایا تھا۔

ایس پی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ملزم نے مال کے دروازے کے قریب بینک کے تالے توڑنے کی بھی کوشش کی لیکن وہ وہاں چوری کرنے میں کامیاب نہیں ہوا۔

اس پوری چوری کی واردات کے دوران ملزم نے پہچان سے بچنے کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج کو بھی ’سیاہ‘ کردیا تھا جبکہ چوری کے وقت شاپنگ مال کے دروازوں پر گارڈز موجود تھے۔