پشاور۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے منشیات فروشوں کیخلاف جاری مہم کے دوران حساس ادارو ں کی مدد سے کاروائی کرکے ملکی و غیر ملکی سطح پر منشیات سمگلنگ میں ملوث 12 بین الاقوامی سمگلروں کو گرفتار کرلیا گرفتار سمگلر عرصہ دراز سے آئس اور چرس سمیت دیگر منشیات کی سمگلنگ میں ملوث ہیں جو افغانستان کے راستے پاکستان سے مختلف شہروں اور ملکوں کو سپلائی کرتے تھے گرفتار مرکزی ڈیلروں نے ابتدائی تفتیش کے دوران اہم انکشافات کئے ہیں جس کی روشنی میں مزید تحقیقات جاری ہے۔
اس ضمن میں گزشتہ روز ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے انچارج میڈیا کور ایس پی عنایت علی شاہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ سی سی پی او محمد کریم خان کی ہدایت پر پشاور میں منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے گزشتہ روز پشاور پولیس نے حساس اداروں کی مدد سے کاروائی کرکے ملکی و غیر ملکی سطح پر آئس اور چرس سمیت دیگر منشیات سمگل کرنے میں ملوث 12 بین الاقوامی سمگلرو ں حبیب الرحمان ٗمحمد علی ٗ زاہد اقبال ٗ عالمزیب خان ٗ اشتیاق احمد ٗ نصرت شاہ ٗ رشید خان ٗطاہرخان ٗ عادل محمود ٗ عدنان ٗ موسی خان اورعمران کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی آئس ٗ چرس اوردیگر منشیات برآمد کی گئی۔
ایس ایس پی نے بتایاکہ گرفتار ہونیوالے زیادہ ترڈیلروں کی گرفتاری حساس اداروں کی نشاندہی پر عمل میں لائی گئی ہے گرفتار منشیات سمگلرزعرصہ دراز سے بیرون ممالک منشیات سپلائی کرنے کے دھندے میں ملوث ہیں جبکہ ان کیخلاف مزید تفتیش جاری ہے ادھر پشاورپولیس نے گرفتار بین الاقوامی سمگلروں کے اثاثہ جات کی چھان بین کیلئے اے این ایف سے رابطہ کرنے ٗ کاروباری شراکت داروں اور قریبی روابط رکھنے والوں کو حراست میں لیکر شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔