پشاور۔پشاور کینٹ پولیس نے تجارتی مراکز میں خریداروں کی گاڑیوں سے لیپ ٹاپ اور دیگر قیمتی اشیاء چوری کرنے میں ملوث2 رکنی افغان گروہ کو گرفتار کرلیا ہے گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران چوری کے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے جن کے قبضے سے دو عدد مسروقہ لیپ ٹاپ اور 10 ہزار روپے برآمد کر لئے گئے۔
پولیس کے مطابق شفیق اللہ ولد عطاء اللہ سکنہ تہکال پایان نے تھانہ ٹاون پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بیان کیا کہ وہ یونیورسٹی روڈ پر واقعہ ایک معروف شاپنگ پلازہ میں خریداری میں مصروف تھا جب واپس آیا تو پارکنگ ایریا میں کھڑی گاڑی سے کسی نامعلوم ملزمان نے لیپ ٹاپ اور نقدی چوری کی تھی۔
اسی طرح مدعیہ مسماہ (ص) دختر امیر محمد ساکنہ پروفیسر کالونی نے تھانہ ٹاون پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بیان کیا کہ اپنی گاڑی میں ہسپتال جا رہی تھی کہ روڈ پر رش کی وجہ سے بظاہر ایک معذور شخص گاڑی کے سامنے آیا جبکہ اس دوران اس کا دوسرا ساتھی گاڑی کی پچھلی سیٹ پر رکھے لیپ ٹاپ کو لے کر فرار ہو گیا، جن کی رپورٹس پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی۔
ایس پی کینٹ وسیم ریاض کی ہدایت پر ٹاؤن پولیس نے فوری کاروائی کرکے دو افغانی ملزمان نسیم ولد شاہ محمود اور شاہ وزیر ولد عجب ساکنان افغانستان کو گرفتار کر لیا، دونوں ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران گاڑیوں سے لیپ ٹاپ اور دیگر قیمتی اشیاء چوری کرنے کے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے عید کے دوران چوریاں کرنے کی خاطر خصوصی طور پر افغانستان سے آنے کا انکشاف کیا جن کے قبضہ سے افغانی پاسپورٹ سمیت دو عدد سرقہ شدہ لیپ ٹاپ اور 10 ہزار روپے نقد بھی برآمد کر لئے گئے ہیں، دونوں ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جس کے دوران ان سے مزید سنسنی سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔