7

ایران کی جوہری معلومات دینے پر امریکی انعام کی پیشکش کی مذمت: اقوام متحدہ کو خط

ایران نے اپنے جوہری پروگرام سے متعلق معلومات فراہم کرنے والوں کو 2 کروڑ ڈالر انعام اور ممکنہ طور پر محفوظ مقام پر منتقلی کی امریکی پیشکش کو قابلِ مذمت اور افسوسناک قرار دے دیا۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی جوہری توانائی ایجنسی سے امریکی اقدام کی مذمت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عباس عراقچی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، سلامتی کونسل اور عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل کو خط لکھ کر امریکی پیشکش پر احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایران کے جوہری پروگرام سے وابستہ تنصیبات، آلات اور افراد کے بارے میں معلومات کے بدلے بھاری انعام کی پیشکش انتہائی افسوسناک ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ عالمی ادارے اس اعلان کی واضح اور غیر مبہم الفاظ میں مذمت کریں۔

امریکا نے 2 کروڑ ڈالر انعام کا اعلان کیوں کیا؟

واضح رہے کہ 7 نومبر 2026 کو امریکی حکام نے اعلان کیا تھا کہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معلومات فراہم کرنے والوں کو 2 کروڑ ڈالر تک انعام دیا جاسکتا ہے۔

امریکی پیشکش میں جوہری تنصیبات، آلات اور پروگرام سے وابستہ افراد کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے بدلے ممکنہ طور پر محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی سہولت بھی شامل ہے۔

امریکی حکام کے مطابق یہ پیشکش ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اہم معلومات حاصل کرنے کے لیے کی گئی ہے۔

ایران کا جوہری پروگرام پُرامن مقاصد کیلئے ہے، عباس عراقچی

ایرانی وزیر خارجہ نے ایک بار پھر مؤقف اختیار کیا کہ ایران کا جوہری پروگرام پُرامن مقاصد کے لیے ہے اور اس کا مقصد جوہری ہتھیار تیار کرنا نہیں۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد بار دعویٰ کرچکے ہیں کہ جون 2025 میں ایران اور اسرائیل کے درمیان 12 روزہ جنگ کے دوران اہم ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں نے ایران کے جوہری پروگرام کو شدید نقصان پہنچایا تھا۔

اس جنگ کے بعد ایران نے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے معائنہ کاروں کو فردو، نطنز اور اصفہان میں بمباری سے متاثرہ جوہری تنصیبات کے دورے کی اجازت نہیں دی۔

امریکا اور ایران کے درمیان جنگ اور سفارتی کوششیں

رپورٹس کے مطابق 28 فروری 2026 کو امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد ایران اور امریکا کے درمیان جنگ شروع ہوئی، جس میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای بھی جاں بحق ہوئے۔

جنگ کے دوران ایرانی جوہری تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا، تاہم ان حملوں سے ہونے والے نقصان کی مکمل تفصیلات تاحال واضح نہیں ہوسکیں۔

قطر اور پاکستان کی قیادت میں سفارتی کوششیں جاری ہیں تاکہ جنگ کے خاتمے کے لیے کوئی معاہدہ طے پاسکے۔

آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے ایران کے مطالبات

تہران کا مطالبہ ہے کہ آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے بدلے واشنگٹن ایرانی اثاثوں پر عائد پابندیاں ختم کرے اور منجمد اثاثے بحال کرے۔

آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی توانائی کی بڑی مقدار منتقل کی جاتی ہے۔ ایران نے جنگ شروع ہونے کے بعد سے اس اہم بحری راستے کی ناکہ بندی کر رکھی ہے۔

عباس عراقچی اس سے قبل بھی کہہ چکے ہیں کہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات بعد کے مرحلے میں ہوں گے۔

ایران اور امریکا کے درمیان جوہری تنازع کی تاریخ

ایران کا جوہری پروگرام کئی برس سے عالمی کشیدگی کا اہم سبب بنا ہوا ہے۔ 2018 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پہلے دورِ صدارت میں سابق صدر بارک اوباما کے دور میں طے پانے والے جوہری معاہدے سے امریکا کو الگ کرلیا تھا۔

اس معاہدے کا مقصد ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنا تھا، جس کے بدلے ایران پر عائد اقتصادی پابندیوں میں نرمی کی جانی تھی۔

امریکا کی نئی انعامی پیشکش اور اس پر ایران کے احتجاج کے بعد دونوں ممالک کے درمیان جوہری پروگرام اور سفارتی تعلقات سے متعلق کشیدگی ایک بار پھر نمایاں ہوگئی ہے۔