3

خیبر پختونخوا میں صحت کارڈ بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں: ثمر ہارون بلور

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا ثمر ہارون بلور نے صحت کارڈ پروگرام بند کیے جانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ صوبائی حکومت کا صحت کارڈ کو منسوخ یا بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

پشاور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ صحت کارڈ پروگرام میں ہونے والی مبینہ اندرونی بدعنوانیوں اور بے ضابطگیوں کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ محکمہ صحت میں بھی پروگرام کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز (ایم ٹی آئی) کے نظام پر بھی نظرثانی کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں مختلف امور کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ نظام میں موجود خامیوں کی نشاندہی کی جاسکے۔

ہسپتالوں کے انتظامی بورڈز کی بھی جانچ شروع

مشیر اطلاعات کے مطابق سرکاری ہسپتالوں کے انتظامی بورڈز میں شامل افراد کی اسناد اور اہلیت کی بھی جانچ پڑتال جاری ہے۔

ثمر ہارون بلور نے واضح کیا کہ صحت کارڈ پروگرام کو بند کرنے سے متعلق گردش کرنے والی خبریں درست نہیں، حکومت کا اسے ختم یا منسوخ کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات اور محکمہ صحت کے مختلف امور کا جائزہ جاری رہے گا۔