2

انگوراڈہ میں پاک فوج کی جوابی کارروائی، طالبان کی کئی چوکیاں تباہ

پاک افغان سرحد پر انگوراڈہ کے مقام پر افغان طالبان کی مبینہ بلااشتعال فائرنگ کے جواب میں پاک فوج نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے متعدد افغان طالبان کی چوکیاں اور فوجی تنصیبات تباہ کردیں، کارروائی کی ویڈیو بھی جاری کردی گئی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے سرحد پر اشتعال انگیزی کا پاک فوج نے مؤثر جواب دیا۔ کارروائی کے دوران جنوبی وزیرستان اور پاراچنار سے ملحقہ علاقوں میں افغان طالبان کی متعدد چوکیوں اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے کارروائی کی، جس کے نتیجے میں افغان طالبان کو اپنی متعدد پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہونا پڑا۔

ذرائع کے مطابق کارروائی میں افغان طالبان رجیم کے متعدد اہلکاروں کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں، تاہم ان ہلاکتوں کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

پاک فوج کی کارروائی کی ویڈیو جاری

پاک فوج کی جانب سے افغان طالبان کی چوکیوں کو نشانہ بنانے کی کارروائی کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے، جس میں سرحدی علاقے میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں اور قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔