فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے سنگاپور کے وزیر خارجہ نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی و عالمی سلامتی کی صورتحال اور پاکستان و سنگاپور کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں علاقائی امن و استحکام اور مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں مسلسل روابط اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سنگاپور کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی روابط میں اضافے اور تعمیری تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
سنگاپور کے وزیر خارجہ کا پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف
آئی ایس پی آر کے مطابق سنگاپور کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران سنگاپور کے وزیر خارجہ نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کا اعتراف کیا۔
دونوں جانب سے مشترکہ دلچسپی کے امور پر روابط جاری رکھنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات کو فروغ دینے کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔









