43

خواجہ فاروق آزادکشمیر کے قائم مقام وزیراعظم مقرر

تنویرالیاس کی نااہلی کے بعد خواجہ فاروق آزاد کشمیر کے قائم مقام وزیراعظم بن گئے۔ صدرآزادکشمیر کی ہدایات پر نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

صدرآزاد کشمیربیرسٹرسلطان محمود نے قائم مقام وزیراعظم کی سمری پردستخط کردئیے، نئے قائدایوان کے انتخاب تک سینئر وزیرخواجہ فاروق احمدقائم مقام وزیراعظم ہوں گے۔ آئین کے مطابق زیادہ سے زیادہ14 دن میں نئے وزیراعظم کا انتخاب لازمی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز آزادکشمیر ہائی کورٹ نے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو کسی بھی عوامی عہدے کے لئے نااہل قرار دیدیا تھا۔ آزادکشمیر ہائی کورٹ نے سردار تنویر الیاس کو توہین عدالت کیس میں سزا سنائی، وزیراعظم آزاد کشمیر کو عدالت برخاست ہونے تک علامتی سزا بھی سنائی گئی۔

عدالت نے نئے وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو لکھ دیا۔ آزاد کشمیرکی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیراعظم کو توہین عدالت پر نااہل قرار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اپریل 2022 میں پاکستان آزاد کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے ہی منتخب وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے بعد پارٹی کے صدر سردار تنویر الیاس کو نیا وزیراعظم منتخب کرلیا تھا۔ اس سے قبل پی ٹی آئی سے ہی تعلق رکھنے والے وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد کے بعد عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔