27

وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب، سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق حکمت عملی پر غور ہو گا

موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر وزیراعظم شہباز شریف نے کل (اتوار کو) وفاقی کابینہ کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس دوپہر 2 بجے ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے موجودہ ملکی سیاسی اور آئینی بحران پر وفاقی کابینہ کا اجلاس کل بلانے کا فیصلہ کرلیا۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس دوپہر دو بجے ہوگا، شہباز شریف لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے صدارت کریں گے۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں اہم قومی امور پر مشاورت کی جائے گی، کابینہ اجلاس کا ایجنڈا جاری نہیں کیا گیا تاہم آن ٹیبل فراہم کیا جائے گا، کابینہ اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی، آئینی بحران سے نمٹنے کی حکمت عملی پر بھی مشاورت ہوگی۔

کابینہ اجلاس میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس اطہر من اللہ کے اختلافی نوٹ کے بعد کی صورتحال پر بھی غور ہوگا جبکہ صدر کی جانب سے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل واپس بھیجنے کے معاملے پر بھی لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کی جانب سے موجودہ ملکی حالات میں سخت فیصلے کئے جانے کا امکان ہے۔