23

راجہ ریاض کو عہدےسےہٹانےکیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی راجہ ریاض کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق منیر احمد نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کےتوسط سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔ جس میں وفاقی حکومت، سپیکر قومی اسمبلی اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں کہاگیا ہےکہ عدالت نےتحریک انصاف کےاراکین قومی اسمبلی کےاستعفوں کی منظوری پر حکم امتناعی جاری کررکھا ہے، اسمبلی رولز کے حوالے سے عدلیہ کا فیصلہ آ چکا ہے،پی ٹی آئی اراکین کی موجودگی میں راجہ ریاض کی تقرری غیر آئینی ہے، راجہ ریاض کا تعلق پی ٹی آئی سےہے وہ اپوزیشن لیڈر نہیں بن سکتے، اسمبلی کی مدت ختم ہونے والی ہے مگر سپیکر نے راجہ ریاض کو عہدے سے نہیں ہٹایا۔

درخواست میں کہا گیا ہے سپیکر قومی اسمبلی اور وفاقی حکومت کو مراسلہ بھی لکھا گیا کہ تفصیلات فراہم کی جائیں۔تفصیلات بھی فراہم نہیں کی گئیں اور نہ ہی جواب داخل کیا گیا۔ لہذا عدالت قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا حکم جاری کرے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت اسمبلی کی مدت ختم ہونے سے پہلے ہی راجہ ریاض کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے۔