26

رہنما تحریک انصاف علی امین گنڈاپور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

رہنما تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کی دو مقدمات میں ضمانت منظور ہوگئی تاہم دو دیگر مقدمات میں انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں مجسٹریٹ ون کی عدالت میں علی امین گنڈاپور کے خلاف ڈیرہ اسماعیل خان میں درج 2 مقدمات میں علی امین گنڈاپور کی ضمانت منظور ہوگئی تاہم علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلام آباد اور بھکر میں درج مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

خیال رہے کہ علی امین گنڈا پور کو گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں پشاور ہائیکورٹ رجسٹری کے باہرسے گرفتارکرلیا گیا۔

پی ٹی آئی کے سابق وفاقی وزیرآج دن ڈیڑھ بجے عدالت پہنچے تو جج جا چکے تھے، اس دوران ڈی پی او نے پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ ہائیکورٹ کے احاطے کو گھیرے میں لئے رکھا۔

علی امین گنڈا پور کیخلاف اسلام آباد کے تھانہ گولڑہ اور بکھر میں دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے۔