38

شاہ محمود قریشی کی 2 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور

انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے کار سرکار میں مداخلت اور جلاؤ گھیراؤ کے دو مقدمات میں شاہ محمود قریشی کی 10 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔

تھانہ کھنہ میں شاہ محمود قریشی کے خلاف درج مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جج راجہ جواد عباس نے استفسار کیا کہ ایف آئی آر میں کیا الزام لگایا گیا ہے۔ وکیل نے بتایا کہ الزام یہ ہے کہ شاہ محمود قریشی کی ایما اور سازش پر احتجاج کیا گیا۔

جج نے ریمارکس دیے کہ سازش کا گواہ کون ہے؟ دیکھ لیتے ہیں کس نے سازش کی اور کس نے حکم دیا۔ فی الحال عبوری ضمانت دے رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کے وکیل نے استدعا کی کہ ہمارے خلاف بہت سے کیسز چل رہے ہیں۔ کوئی لمبی تاریخ دے دیں۔ عدالت نے 10 اپریل تک شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔