72

زمان پارک آپریشن، پولیس اہلکاروں کےلیے نئی ہدایات جاری

ضلعی وٹریفک پولیس حکام نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک میں انسداد تجاوزات آپریشن کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں کے ردعمل کے پیش نظر اہلکاروں کےلیے نئی ہدایات جاری کردیں۔

ضلعی و ٹریفک پولیس حکام نے مغل پورہ، لال پل اور دھرم پورہ جانے والے اسٹاف کو زمان پارک کا راستہ اختیار نہ کرنے کی تنبیہ کر دی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ باوردی اہلکار ہرگززمان پارک کے اردگرد یا قریب سےمت گزریں، ڈیوٹی پوائنٹس پر جانے یا واپسی پرروٹ بدل لیاجائے۔

حکام کے مطابق پی ٹی آئی کارکن اب تک ایلیٹ فورس اورپولیس ریسپانس یونٹ کی گاڑیاں تباہ کرچکے جبکہ ڈیوٹی سے واپس جاتے پولیس اہلکار کو بھی تشدد کانشانہ بنایا گیا۔

قبل ازیں زمان پارک میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے پولیس وین پر حملے کے معاملے پر حکومت پنجاب نے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔