34

توشہ خانہ کیس:عمران خان کی درخواست مسترد، ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار

 اسلام آباد توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے جج ظفر اقبال نے عمران خان کے وارنٹ منسوخ کرنے کی درخواست خارج کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں وارنٹ منسوخی کی درخواست مسترد ہونے کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا۔

عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہےکہ کل اسلام آباد کی سیشن کورٹ میں خود پیش ہو جاؤں گا، انڈر ٹیکنگ تسلیم کرکے پولیس کو گرفتاری سے روکا جائے۔

عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست پر آج ہی سماعت کی استدعا کی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کچھ دیربعد عمران خان کی درخواست پر سماعت کریں گے، درخواست کو رجسٹرارآفس کے اعتراضات کیساتھ سماعت کے لیے مقررکیا گیا ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے عمران خان کی درخواست پر اعتراض لگاتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا بائیو میٹرک نہیں ہے، جس معاملے پر ہائیکورٹ پہلے فیصلہ کرچکی اسے دوبارہ کیسے سن سکتی ہے؟

واضح رہےکہ سیشن کورٹ نے گزشتہ روز عمران خان کی وارنٹ منسوخی کی درخواست خارج کردی تھی اور ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو برقرار رکھا تھا۔