44

شاہ محمود کی دفعہ 144 کے باوجود کارکنان کو زمان پارک پہنچنے کی ہدایت

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی نے دفعہ 144 کی پابندی کے باوجود پارٹی کارکنان کو آج زمان پارک پہنچنے کی ہدایت کر دی۔

لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دفعہ 144 کا کوئی جواز نہیں، فیصلے کو چیلنج کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دفعہ 144 کے خلاف اتوار کی چھٹی کے باوجود لاہور ہائی کورٹ بھی جائیں گے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن لاہور سے درخواست کریں گے کہ نگراں حکومت آپ کی پابند ہے، انتخابات کا اعلان ہو چکا ہے تو ریلی کی پابندی کا جواز نہیں۔

انہوں نے کارکنان کو  پرامن رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ  آج 2 بجے زمان پارک پہنچیں، عمران خان آج ریلی کی قیادت کریں گے۔

واضح رہے کہ عمران خان کی جانب سے آج ریلی نکالنے کے اعلان کے بعد پنجاب حکومت نے لاہور میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ر ینجرز کو طلب کر لیا، ریلیاں نکالنے پر پابندی عائد ہوگی۔