38

لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی درخواستیں دائر

لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی مختلف درخواستیں دائر کر دی گئیں۔ درخواستیں بشیر احمد چوہان، مشکور حسین ، نعیم قمر ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئیں۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ عمران خان جتھوں کے ساتھ عدالتوں میں داخل ہو کر عدلیہ کی توہین کے مرتکب ہوئے، سابق وزیراعظم ملک میں دھونس اور زبردستی اپنے حق میں فیصلے لینے کی روش عام کرنے کے مرتکب ہوئے۔

توہین عدالت درخواست میں مزید کہا گیا کہ عمران خان اپنے حق میں آنے والے فیصلے بھی اسی فائدے کے لیے استعمال کر کے عدلیہ کو تقسیم کرنے کوشش کے مرتکب ہوئے۔

درخواست میں کہا گیا کہ عمران خان اپنے خلاف آنے والے فیصلے سوشل میڈیا پر متنازع بنانے کے مرتکب ہوئے، ان کے حواریوں نے لاہور ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں پلان کے مطابق ہنگامہ آرائی کی تاکہ ملزم عمران خان کو عدالت پیشی سے بچایا جا سکے۔