33

جیل بھرو تحریک عمران خان کے لئے ڈوب مرو تحریک بن گئی :رانا ثنا اللہ

وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ جیل بھرو تحریک عمران خان کے لئے ڈوب مرو تحریک بن گئی ہے۔

فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کبھی اسلام آباد پر حملہ آور ہوتا ہے تو کبھی اسلام آبادسیل کرنے کی دھمکی دیتا ہے، ناکامیوں کے بعد اسمبلیاں توڑنے کا حربہ استعمال کیا۔

راناثنااللہ نے کہا کہ عمران خان نے 8 ماہ سے ملک میں فتنہ اور فساد برپا کر رکھا ہے، ان کابیانیہ صرف اور صرف کنفیوژن پھیلانے کے لئے ہے، عمران خان نے پونے 4 سال مسائل پیدا کرنے کی کوشش کی اور اب مسائل بڑھانے کی کوشش کررہا ہے،ہم ملک کومسائل سے نکالنے کی کوششوں میں لگے ہیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جیل بھرو تحریک عمران خان کے لئے ڈوب مرو تحریک بن گئی ہے جیل بھروتحریک میں کل ملاکر 100، سوا سو آدمی اکٹھے ہوئے ہیں، ان میں سے بھی 80 فیصد ایسے ہیں جو کہتے ہیں ہمیں چھوڑ دیں، وہ کہتے ہیں کہ یہ لوگ ہمیں ورغلاکر لے آئے ہیں۔

رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ جو جیل جانا چاہتا ہے اسے جیل ہی بھیجا،کسی بیگار کیمپ نہیں بھیجا، ان سب کو 30،30 دنوں کےلیے بند کیا گیا ہے، جب جیلیں بھرنی ہیں تو پہلے دوردراز کی جیلیں بھریں گے، ڈی جی خان، راجن پور، مظفرگڑھ اور شاہ پور جیلوں میں کافی گنجائش ہے، اس کے بعد لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی کی جیلیں بھریں گے۔