75

جیل بھرو تحریک؛ پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان نے گرفتاری دے دی

تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک میں راولپنڈی سے فیاض الحسن چوہان نے گرفتاری دے دی۔

تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کا آج تیسرا روز ہے، اور آج راولپنڈی میں نماز جمعہ کے بعد جیل بھرو تحریج شروع ہوگئی ہے، اور سب سے پہلے پی ٹی آئی کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے گرفتاری دے دی ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کارکنوں کے ہمراہ گرفتاری دی، اور پہلے سے موجود قیدی وین 3 کارکنوں کو لے کرروانہ ہوگئی ہے۔

دوسری جانب سی پی او راولپنڈی خالد محمود ہمدانی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جیل بھرو تحریک اور بسنت کی روک تھام کے لئے پولیس الرٹ ہے، پولیس کی بنیادی ذمہ داری لوگوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے، پولیس لوگوں کے کاروبارکو بھی تحفظ فراہم کرے گی۔

سی پی او راولپنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک میں کوئی گرفتاری نہیں کی جائے گی، لیکن قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، اور آئی جی پنجاب کی پالیسی کے مطابق گرفتار افراد کو جیلوں میں منتقل کیا جائے گا۔