48

ملک میں مزید مہنگائی ہوگی، وزیر اعظم

اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ ہمارے معاملات آخری مراحل پر ہیں اور معاہدے کے نتیجے میں ملک میں مہنگائی مزید بڑھے گی۔

اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف نے دیگر وزرا کے ہمراہ پریس  کی اور کہا کہ امید ہے اگلے چند روز میں آئی ایم ایف سے معاہدہ طے پا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے کے نتیجے میں مہنگائی مزید بڑھے گی، پاکستان میں غریب آدمی نے ہمیشہ قربانی دی، زلزلہ ہو یا سیلاب قدرتی آفات میں ہمیشہ غریب آدمی پر بوجھ پڑا، پوری کوشش ہے کہ پاکستان کو مشکلات سے نکالیں، پاکستان کو غربت سے نجات دلانی ہے تو اجتماعی کاوشیں کرنا ہوں گی۔

ان کا کہنا تھاکہ آئی ایم ایف معاہدے کے نتیجے میں عام آدمی پر بوجھ پڑا تو وہ سوال اٹھائےگاکہ حکومت نے کیا کیا؟ اشرافیہ کا بچہ بیمارا ہو تو وہ فرانس میں علاج کروا سکتے ہیں، غریب کے گھر بیماری آئے پورے خاندان کی نیندیں حرام ہوجاتی ہیں کہ علاج کیسے ہوگا، بینظیرانکم سپورٹ پروگرام میں 25 فیصد اضافہ کر رہے ہیں۔

وزرا، مشیروں اور معاونین کا تنخواہیں نہ لینے کا فیصلہ

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ تمام وفاقی وزرا، مشیر اور وزیر مملکت رضاکارانہ طور پر تنخواہیں اور مراعات نہیں لیں گے، معاونیں خصوصی نے بھی رضاکارانہ طور پر تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزرا گیس، پانی اور بجلی کا بل ذاتی جیب سے ادا کریں گے، اس کے علاوہ وزرا سے لگژری گاڑیاں واپس لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، وزرا کا معاون عملہ غیر ملکی دوروں پر ساتھ نہیں جائے گا اور وزرا غیرملکی دوروں میں فائیو اسٹار ہوٹلوں میں قیام نہیں کریں گے، افسران اپنے بجٹ میں ضروری تبدیلیاں کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ وزرا کے جون 2024 تک لگژری گاڑیاں خریدنے پر پابندی لگادی گئی ہے، کابینہ کا کوئی رکن یا سرکاری افسر لگژری گاڑی استعمال نہیں کرے گا،  ان سینیئرز افسران سے بھی سرکاری گاڑیاں واپس لی جائیں گی جنہیں گاڑیوں کا الاؤنس ملتا ہے۔

شہباز شریف نے بتایا کہ وزرا اور سرکاری افسر بزنس کلاس میں سفر نہیں کریں گے، زوم کانفرنسز کو فروغ دیں گے تاکہ سفری اخراجات میں کمی لائی جاسکے۔

سرکاری دفاتر صبح ساڑھے 7 بجے کھولنے کا فیصلہ

وزیراعظم نے کفایت شعاری مہم کے حوالے سے مزید بتایا کہ بجلی اور گیس کی بچت کے لیے گرمیوں میں دفاتر کو صبح ساڑھے 7 بجے کھولا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس سمیت تمام وزارتوں میں ون ڈش پالیسی ہوگی تاہم غیر ملکی مہمانوں پر ون ڈش پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

توشہ خانہ کا ریکارڈ پبلک کرنے کا اعلان

شہباز شریف نے توشہ خانہ کا ریکارڈ پبلک کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ حکومتی شخصیات صرف 80 ہزار روپے مالیت کا تحفہ اپنے پاس رکھ سکیں گی۔

اس کے علاوہ سرکاری اراضی کی فروخت کے لیے وزیرقانون کی سربراہی میں کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔