34

شیخ رشید کا وفاقی حکومت کے خلاف جنگ کا اعلان

سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے وفاقی حکومت کے خلاف جنگ کا اعلان کردیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شیخ رشید احما نے کہا ہے کہ آج سے ظلم کے خلاف اعلان جنگ ہے، ہارتا وہ ہے جو ہار مانتا ہے، موت کے منہ سے بھی کامیابی کو چھین کر رہیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اللہ نے ہمت دی اور 16 روز موت کی چکی کو بھی سسرال کا گھر سمجھ کر گلے لگایا، ملک زندگی اور موت کی کشمکش سے گزر رہا ہے جس طرح قائد اعظم نے پاکستان بنایا تھا اس طرح عدلیہ پاکستان کو بچائے گی۔


انہوں نے کہا کہ میرے گھر میں پولیس نے ڈکیتی کی ہے، اقتدار کے بھوکوں کا جمعہ بازار لگا ہے، اب یا کبھی نہیں کا وقت آ گیا ہے، ہارتا وہ ہےجو ہار مانتا ہے، موت کے منہ سے بھی کامیابی کو چھین کر رہیں گے۔

سابق وزیر کا مزید کہنا تھا کہ آج سے ظلم کے خلاف اعلان جنگ ہے، آج 3 بجے لال حویلی میں ظالمانہ نظام کے خلاف عمران خان کے ساتھ مل کر تاریخی بیان دوں گا، وہ غریب جو ایڑیاں رگڑ کر مر رہا ہے اسکی آواز بنوں گا، ساری قوم ٹوئٹر پر میرا ساتھ دے۔