62

صدر کو خط، عمران خان کا سابق آرمی چیف جنرل باجوہ کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم عمران خان نے سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے خلاف صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے نام اپنے خط میں تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت کو لکھے گئے خط میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ گزشتہ چند روز میں عوامی سطح پر بڑے ہوشربا انکشافات سامنے آئے۔ معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ جنرل (ر) باجوہ نے بطور آرمی چیف حلف کی خلاف ورزی کی۔

صدرِ مملکت کے نام خط میں عمران خان نے کہا کہ ایک انٹرویو کے دوران سابق آرمی چیف نے کہا کہ عمران خان کو ملک کیلئے خطرہ سمجھتے تھے، اگر وہ اقتدار میں رہے تو ملک کو نقصان پہنچے گا۔ ہم کا لفظ تحقیق طلب ہے۔ اس کا کیا مطلب ہے؟

خط میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ جنرل (ر) باجوہ کو اختیار کس نے دیا کہ وہ کسی منتخب وزیر اعظم کے عہدے پر برقرار رہنے پر یہ فیصلہ کریں کہ وہ ملک کیلئے خطرناک ہیں یا نہیں؟ عوام جسے وزیر اعظم منتخب کرنا چاہیں، وہ ان کا فیصلہ ہے۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جنرل (ر) باجوہ نے خود کو فیصلہ ساز بنایا جو آئین کی دفعہ 244 اور تیسرے شیڈول میں درج حلف کے صریح خلاف ہے۔ جنرل باجوہ کی گفتگو میں نیب کنٹرول کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا جو حلف کی خلاف ورزی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ جنرل (ر) باجوہ نے شوکت ترین کے خلاف نیب کا مقدمہ ختم کروانے کی بات تسلیم کی۔ یہ دعویٰ بھی حلف کے خلاف ہے۔ افواجِ پاکستان وزارتِ دفاع کا ماتحت ادارہ ہے جو آئینِ پاکستان میں واضح کیا گیا ہے۔