31

حکومت کی انتقامی کارروائیوں کے پیچھے کچھ اور لوگ ہیں، عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی انتقامی کارروائیوں کے پیچھے کچھ اور لوگ ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما عمران خان سے سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال، ملکی معاملات اور حکومت کے مبینہ انتقامی اقدامات پر بات ہوئی۔

عمران خان اور پرویز الہی نے پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے انتخاب کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔ اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ حکومت کی انتقامی کارروائیوں کے پیچھے کچھ اور لوگ ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کو انتخاب کی تاریخ دینا پڑے گی ورنہ آئینی شکنی کی مرتکب ہوگی، یہ لوگ الیکشن سے نہیں بھاگ سکتے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ حکومت کی ناک تلے دوبارہ دہشت گردی ملک میں سر اٹھا رہی ہے، انہیں امن و امان کی نہیں مخالفیں کو کچلنے کی فکر ہے۔

پرویزالہیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت ملکی معیشت کو تباہ کرچکی۔ امن و امان کی صورتحال بھی تیزی سے خراب ہو رہی ہے، پی ڈی ایم حکومت بوکھلاہٹ کاشکار ہے، پارلیمانی لاجز میں سابق ارکان پارلیمنٹ کے کمروں کے تالے توڑے جارہے ہیں، یہ حکومت نااہلی کے بعد انتقامی کارروائیوں میں بھی ورلڈ ریکارڈ بنانا چاہتی ہے

پرویزالہی نے کہا کہ حکومت گرفتاریاں، مقدمات ، چھاپوں کے سائے میں اے پی سی کی دعوت دے رہی ہے، شہباز شریف کی شوباز یاں بری طرح ایکسپوز ہورہی ہیں، ان کے پاس عوامی ریلیف کے لئے تو کچھ نہیں، صرف اورصرف عمران خان اور تحریک انصاف کے اتحادیوں کو کچلنے کا ایجنڈا سرگرم ہے۔

سابق وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہوچکی ہے، روزانہ کی بنیاد پر مقد مات درج کیئے جارہے ہیں، حکمرانوں کے مقدمات سے کوئی خوفزدہ نہیں، انتقام کے ہر ہتھکنڈے کا ڈٹ کرمقابلہ کریں گے، نگران سیٹ اپ جانبداری میں اتنا آگے نہ جائے کہ خود سوالیہ نشان بن جائے۔