28

شیخ رشید کیخلاف کوئٹہ میں ایک اور مقدمہ درج

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کیخلاف کوئٹہ میں بھی مقدمہ درج کر لیاگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شیخ رشید کیخلاف مقدمہ تھانہ بیروٹ میں درج کیاگیا،مقدمہ پیپلزپارٹی رہنما کی مدعیت میں درج کیاگیا۔

ایف آئی آر میں کہاگیا ہے کہ شیخ رشید نے بلاول بھٹو کیخلاف نازیبا زبان استعمال کی، شیخ رشید کی باتوں سے پارٹی کارکنان میں اشتعال پھیل رہا ہے، مقدمے میں دفعہ 500 ، 504 ، 153 اور 506 سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 2 فروری کو اسلام آباد پولیس کی جانب سے شیخ رشید کے خلاف کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ بھی درج کروادیا گیا تھا۔تھانہ مری میں درج مقدمے میں موقف اختیار کیا گیاتھا کہ شیخ رشید نے اپنے 2مسلح ملازمین کے ہمراہ گرفتاری کے موقع پر مزاحمت کی تھی۔ مقدمہ تھانہ آبپارہ کے تفتیشی افسرعاشق علی کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔

شیخ رشید کو سابق  صدر آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرانے کی سازش کا الزام لگانے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ عمران خان نے گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی بنیادوں پر تاریخ میں کبھی کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔