27

عمران خان کی گرفتاری کا کوئی ارادہ نہیں،احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان سمیت کسی کو گرفتار کرنے کا ارادہ نہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کسی نے جرم کیا ہے اور گرفت میں آنا چاہئے تو قانون آزاد ہے۔ اتحادی حکومت کا کوئی بھی انتقامی ایجنڈا نہیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی زیرصدارت سی سی آئی کا اجلاس اپریل 2021ء میں ہوا تھا۔ مشترکہ مفادات کونسل نے آئندہ الیکشن نئی مردم شماری پر کرانے کا فیصلہ کیا، اس وقت طے ہوا کہ جب بھی الیکشن ہوگا نئی مردم شماری پر ہوگا۔

 احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ  گزشتہ مردم شماری پر صوبہ سندھ نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ مردم شماری شروع ہوگئی ہے۔ 30 اپریل کو نتائج بھی شائع ہوجائیں گے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ 2 اسمبلیوں میں الیکشن پرانی اور باقی نئی مردم شماری پر ہوں۔ آئین میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن بیک وقت ہونا درج ہے۔ایسی صورت میں الیکشن کے نتائج کوئی بھی تسلیم نہیں کرے گا۔