26

پارلیمنٹ ہاؤس میں سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے داخلے پر پابندی عائد

پارلیمنٹ ہاؤس میں غیر مجاز سوشل میڈیا انفلوئنسرز، يوٹيوبرزا ور ٹک ٹاکرز کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق فیصلے کے بعد اب صرف کہ رجسٹرڈ ميڈيا تنظيموں سے وابستہ مؤثر کارڈ ہولڈر صحافيوں کو ہی پارلیمنٹ ہاؤس میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

پارلیمانی رپورٹر ایسوسی ایشن پی آر اے کو باضابطہ طور پر آگاہ بھی کردیا گیا۔ پی آر اے پریس گیلری کمیٹی یقینی بنائے گی کہ کوئی بھی غیر متعلقہ شخص قومی اسمبلی کے ایوان کی پریس گیلری اور پریس لاؤنج میں داخل نا ہو۔

اعلامیے کے مطابق ایوان کی کارروائی کو کور کرنے میں دلچسپی رکھنے والے سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں رجسٹریشن کروانا ہوگی۔

یاد رہے کہ غیر مجاز سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی پارلیمنٹ ہاؤس میں پابندی کا فیصلہ 23 دسمبر کو ارکان پرلیمنٹ کے ساتھ بدسلوکی کے واقعہ کے بعد کیا گیا۔