136

وزیراعظم شہباز شریف کا سیلاب متاثرین کے لیے گھر تعمیر کرنے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف کا وزیراعظم اکاؤنٹ سے 5 ارب روپے کی مالیت سے سیلاب متاثرین کے لیے گھر تعمیر کرنے کا اعلان۔

خیرپور میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم اکاؤنٹ میں 4 ارب 80 کروڑ روپے آئے ہیں اور مزید بھی آئیں گے اس لیے سیلاب متاثرین کے لیے 5 ارب روپے سے گھر تعمیر کیے جائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام ہو چکا ہے مگر آج بھی خیرپور اور دادو کے علاقوں میں پانی کھڑا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں بحالی اور تعمیر نو کی طرف بڑھنا ہے مگر آج بھی 80 لاکھ خاندان پانی سیلابی پانی سے متاثر ہیں اسی طرح دو کروڑ لوگ امداد اور 90 لاکھ بچے ادویات کے منتظر ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دوست ممالک نے سیلاب زدہ علاقوں میں صاف پانی کے فلٹرز نصب کیے اور دیگر ممالک نے جہازوں اور ٹرینوں کے ذریعے امدادی سامان بھیجا جس پر ان کے مشکور ہیں لیکن ہمارے مسائل بے انداز ہیں۔

شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کو یقین دہانی کرائی کی مخلوط حکومت اس طرح انہیں تکالیف میں نہیں چھوڑے گی کیونکہ یہ تمہارا اور میرا نہیں بلکہ ’ہمارا‘ معاملہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگلے ماہ جینیوا میں ڈونرز کانفرنس ہو رہی ہے جس کے لیے صوبوں سے مشاورت کی ہے اور پوری تیاری کے ساتھ وہاں جائیں گے جہاں میں سیلاب متاثرین کا کیس پیش کروں گا اور دنیا کو بتاؤں گا کہ پاکستان اس مصیبت میں آیا ہے لیکن اس کا قصور کچھ نہیں تھا کیونکہ ہم کاربان اخراج میں اتنا حصہ نہیں ڈالتے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے دوست ممالک سے اربوں روپے کے تحائق ملے جس میں سعودی عرب کی طرف دیا گیا گھڑی کا تحفہ بھی شامل تھا جس میں خانہ کعبہ کا ماڈل بنا ہوا تھا مگر ایک شخص نے اس کی بھی پرواہ نہ کی اور تحائق بیچ دیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کاش اگر وہ تحائف بیچ کر سیلاب متاثرین کو پیسے دیے ہوتے تو میں شاباس دیتا کہ آپ نے تحائف بیچ کر غریب اور یتیم عوام کے حوالے کیے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں سیاسی گفتگو کیے بغیر کہنا چاہتا ہوں کہ ہمارے خون کا آخری قطرہ عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لیے گرے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سندھ میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں جہاں بھی گھر تعمیر ہوں گے وہاں زمین وزیراعلیٰ سندھ فراہم کریں گے اور گھر ہم تعمیر کریں گے اور اسی طرح بلوچستان اور دیگر صوبوں میں بھی گھر بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ محترمہ نفیسا شاہ نے مجھے کہا کہ آپ نے پورے پاکستان میں کومسیٹس جامعات تعمیر کی ہیں مگر خیرپور میں کوئی یونیورسٹی نہیں دی لہٰذا میں خیرپور میں کومسیٹس یونیورسٹی بنانے کا اعلان کرتا ہوں جس کے لیے زمین وزیراعلیٰ سندھ فراہم کریں گے۔