29

دنیا کو پاکستان سے متعلق اپنی رائے بدلنے کی ضرورت ہے، وزیرخارجہ

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ دنیا کو پاکستان سے متعلق اپنی رائے بدلنے کی ضرورت ہے، سنگاپور اور دیگر آسیان ممالک آئی ٹی اور مالیاتی فیلڈ میں پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بے پناہ فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

دورۂ سنگا پور کے دوران اسٹریٹس ٹائمز کو خصوصی انٹرویو میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان سنگاپور کو تسلیم کرنے والے اولین ممالک میں شامل تھا۔ دو طرفہ تعلقات مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا پاکستانی تارکین وطن کمیونٹی نے سنگاپور کی ابتدائی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی 22 کروڑ آبادی میں سے ساڑھے 11 کروڑ کے قریب 25 سال سے کم عمر نوجوان ہیں، 2021ء میں پاکستانی ای کامرس مارکیٹ میں 45 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ رواں مالی سال میں اس سے ساڑھے 7 ارب ڈالر سے زائد کی آمدن متوقع ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان آسیان کا سب سے پرانا سیکٹرل ڈائیلاگ پارٹنر ہے اور وہ اس پارٹنرشپ کی اپ گریڈیشن بھی چاہتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ دنیا کو پاکستان سے متعلق اپنی رائے بدلنے کی ضرورت ہے، سنگارپور، آسیان سمیت دیگر ممالک پاکستانی نوجوانوں کی آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔