53

ساڑھے 3 ماہ میں 3 لاکھ سے زائد پاکستانی عمرہ کے لیے پہنچے

گزشتہ ساڑھے 3 ماہ کے دوران عمرہ کی ادائیگی کے لئے 3 لاکھ 70 ہزار خوش نصیب پاکستانی سعودی عرب پہنچے ہیں۔

سعودی عرب عمرہ سیزن یکم محرم الحرام سے شروع ہوتا ہے اور 20 ذوالقعدہ تک جاری رہتا ہے۔ 21 ذوالقعدہ سے 30 ذوالحجہ تک حج سیزن کہا جاتا ہے۔ سعودی عرب میں رواں برس عمرہ سیزن کا آغاز 30 جولائی 2022 سے شروع ہوا۔

سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے اعداد و شمار کے مطابق رواں عمرہ سیزن میں اب تک دنیا کے مختلف ملکوں سے فضائی، زمینی اور بحری راستوں سے 19 لاکھ 64 ہزار سے زائد مسلمان عمرہ کی ادائیگی کے لیے پہنچے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 17 لاکھ 83 ہزار سے زائد مسلمان فضائی سفر طے کرکے ارض مقدس پہنچے، ایک لاکھ 80 ہزار افراد سڑکوں کے ذریعے عمرہ کی غرض سے سعودی عرب میں داخل ہوئے، جب کہ 1200 افراد بحری راستوں سے حجاز مقدس پہنچے۔

گزشتہ ساڑھے 3 ماہ کے دوران سب سے زیادہ لوگ انڈونیشیا سے عمرے کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب آئے، ان کی تعداد 5 لاکھ 51 ہزار سے زائد تھی۔

پاکستان سے 3 لاکھ 70 ہزار افراد عمرہ کے لئے ارض مقدس پہنچے۔ بھارت سے 2 لاکھ 30 ہزار، عراق سے ایک لاکھ 50 ہزار اور مصر سے ایک لاکھ افراد نے عمرہ کی سعادت حاصل کی۔

واضح رہے کہ سعودی حکومت نے عمرہ ویزے کی مدت ایک ماہ سے بڑھا کر 3 ماہ کردی ہے اور معتمرین اس ویزے کی بنیاد پر ملک بھر میں جا سکتے ہیں۔