21

این اے 45 کرم ضمنی انتخاب' الیکشن کمیشن عمران خان بارے فیصلہ نہ کرسکا

عمران خان این اے 45 کرم سے ضمنی الیکشن میں حصہ لے سکتے ہیں یا نہیں، الیکشن کمیشن تاحال فیصلہ نہ کرسکا۔

چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ کی زیر صدارت اہم اجلاس میں الیکشن کمیشن حکام اور قانونی ٹیم نے شرکت کی۔

اجلاس میں آئینی و قانونی ماہرین سےآرٹیکل 63 ون پی سے متعلق رائے طلب کرلی گئی۔

الیکشن کمیشن کا اجلاس کل چیف الیکشن کمشنر کی صدارت میں دوبارہ ہوگا جس میں اجلاس میں عمران خان کےضمنی انتخاب میں حصہ سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ریجنل الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن سے الیکشن میں عمران خان کے حصہ لینے یا نہ لینےکا پوچھا تھا۔

واضح رہے کہ آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہلی کے خلاف چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ عمران خان کو نئے الیکشن لڑنے سے نہیں روکتا۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیئے کہ عمران خان جس سیٹ پر تھے صرف اُس سے نااہل ہوئے ہیں، فیصلہ عمران خان کو نئے الیکشن لڑنے سے نہیں روکتا، عمران خان کُرم کے ضمنی الیکشن کیلئے بھی نااہل نہیں۔