28

رانا ثنا کواشتہاری قرار دینے کی درخواست مسترد،گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

راولپنڈی: ماڈل ٹرائل کورٹ کے جج غلام اکبر نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو اشتہاری قرار دینے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ ابھی وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے، ایک دم اشتہاری کیسے قرار دیں۔ جج نے ریمارکس دیے کہ دوبارہ اسلام آباد جاؤ، ملزم کو گرفتار کر کے عدالت پیش کرو۔ سینئر سول جج غلام اکبر نے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

سماعت کے دوران تفتیشی ٹیم نے درخواست کی کہ ملزم چھپ رہا ہے، گرفتاری کی کوشش کی، اب اشتہاری ڈکلئیر کیا جائے، جس پر عدالت نے دوبارہ اسلام آباد جا کر گرفتاری کا حکم دے دیا۔ واضح رہے کہ رانا ثنا اللہ کے خلاف مقدمہ اینٹی کرپشن نے کلر کہار میں مبینہ اراضی فراڈ میں درج کیا تھا۔

اینٹی کرپشن ٹیم عدالتی حکم پر آج دوبارہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد جائے گی۔