48

مریم نواز کی لندن پہنچنے میں تاخیر

پاکستان مسلم لیگ نواز (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف ( Maryam Nawaz Sharif ) دی گئی تاریخ پر لندن ( London ) نہ پہنچ سکیں، قطر ( Qatar ) میں قیام نے مریم نواز کا لندن تک کا سفر طویل کردیا۔

 مریم نواز شریف کو بدھ 5 اکتوبر کو لاہور سے بذریعہ دوحہ لندن جانا تھا، تاہم پلان میں تبدیلی کے بعد انہوں نے قطر آمد پر مختصر قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ قطر میں قیام کے دوران مریم نواز شریف نے اپنے صاحبزداے جنید صفدر سے ملاقات کی۔

دوحا میں قیام کے دوران مریم نواز شریف نے سابق سینیٹر اور قومی احتساب بیورو کے سابق سربراہ سیف الرحمان کی رہائش گاہ پر قیام کیا۔ پلان میں تبدیلی کے بعد اب مریم نواز شریف صاحبزادے جنید صفدر اور بہو کے ہمراہ لندن پہنچیں گی۔

مریم نواز شریف نجی ایئر لائن قطر ایئر ویز کے ذریعے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر اتریں گی۔

واضح رہے کہ خاندان کا کوئی فرد مریم کیساتھ لندن نہیں گیا ہے، صرف نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان مریم نواز کے ہمراہ لندن روانہ ہوئے ہیں۔

روانگی سے قبل لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ انتظار نہیں ہورہا تھا کہ کب طیارہ لینڈ کرے اور وہ اپنے والد سے ملیں، میں نواز شریف کی آواز ہوں، ان سے ملاقات بہت خوشی کا دن ہے۔

لندن میں مصروفیات

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز تقریباً ایک ماہ لندن میں قیام کریں گی جس کے بعد ان کا اپنے والد نواز شریف کے ہمراہ وطن واپس آنے کا امکان ہے۔ مریم نواز 6 نومبر کو پاکستان واپس آئیں گی۔

مریم نواز چار سال اور تقریبا تین ماہ بعد اپنے بھائیوں حسن اور حسین نواز سے ملیں گی۔ مریم نواز کے ہمراہ خاندان کا کوئی شخص نہیں جا رہا۔ مریم نواز نومبر 2019کے بعد اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کریں گئیں۔

قبور پر حاضری

لندن روانگی سے قبل مریم نواز نے خاندان کے بڑوں کی قبور پر حاضری بھی دی۔ مریم نواز نے رائے ونڈ میں اپنی والدہ، دادا، دادی اور چچا کی قبروں پر حاضری اور فاتحہ خوانی کی۔ مریم نواز کافی دیر اپنی والدہ کلثوم نواز کی قبر پر بیٹھی رہیں۔

واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے بعد گزشتہ روز منگل 4 اکتوبر کو مریم نواز کو ان کا پاسپورٹ واپس مل گیا تھا۔ اس موقع پر مریم نواز اپنا پاسپورٹ لینے پرویز رشید اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ لاہور ہائی کورٹ پہنچیں، جہاں انہوں نے رجسٹرار کے کمرے سے اپنا پاسپورٹ وصول کیا۔

مریم نواز نے ڈپٹی رجسٹرار کے کمرے سے پاسپورٹ وصول کیا، انہوں نے پاسپورٹ واپسی کے لیے دستاویزات پر دستخط کیے اور مطلوبہ جگہوں پر انگوٹھے لگائے۔

دال چاؤل کھا کر جشن منایا

مریم نواز شریف نے اپنے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاسپورٹ ملنے پر اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے جذبات کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے ایک دکان سے دال چاول کھاتے ہوئے اپنی تصویر کے کیپشن میں لکھا ہے کہ کورٹ سے واپسی پر کشمیری دال چاول کے ساتھ، پاسپورٹ مجھے دے دیا گیا ہے، الحمدللّٰہ۔