148

نواز شریف نے نیب ترمیمی ایکٹ کے تحت کرپشن کیس میں ریلیف مانگ لیا

لاہور: مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف بھی نیب ایکٹ میں ترامیم کے بعد مقدمے کے سلسلے میں ریلیف لینے والوں کی فہرست میں شامل ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف نے نیب ترمیمی ایکٹ کے تحت احتساب عدالت سے ریلیف مانگتے ہوئے پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں اشتہاری قرار دینے کے خلاف درخواست دائر کردی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب ترمیمی ایکٹ کے تحت نیب کو 50 کروڑ سے کم مالیت کے کیس میں کارروائی کا اختیار نہیں  ہے۔ درخواست گزار کے خلاف دائر ریفرنس میں 13 کروڑ کی کرپشن کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ احتساب عدالت 3 ملزمان کو پہلے ہی بری کرنے کا حکم دے چکی ہے ۔

واضح رہے کہ عدالت نے نواز شریف کو اشتہاری قرار دے کر جائیداد ضبط کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ترمیمی ایکٹ کے تحت عدالت نواز شریف کے خلاف کارروائی ختم کرے۔ علاوہ ازیں عدالت نواز شریف کے ضبط اثاثے بحال کرنے اور ریفرنس سے بری کرنے کا حکم دے۔