26

وزیراعظم سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی جان کیری کی ملاقات

نیو یارک: وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی جان کیری نے نیویارک میں ملاقات کی ہے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے مابین سائیڈ لائن ملاقات نیو یارک میں جاری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی نمائندہ خصوصی جان کیری نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور دونوں ممالک کے مابین دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکی نمائندہ خصوصی نے ملاقات کے بعد اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ وزیراعظم شہباز اور میں نے پاکستان میں آنے والے سیلاب اور اس کی تباہ کاریوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے بحران سے نمٹنے کے لیے 55 ملین ڈالر کی انسانی امداد روانہ کی جا چکی ہے۔  

جان کیری نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور اس کے نتیجے میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستانی عوام اور سیلاب متاثرین کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے سیلاب  کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔